گوادر توانائی، تجارتی اور نقل و حمل کیلئے بڑے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے،صادق سنجرانی
اسلام آباد: چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پیک کی بدولت خطے میں اقتصادی و معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانے میں مدد ملے گی،گوادر توانائی، تجارتی اور نقل و حمل کیلئے ایک بہت بڑے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے،سی پیک کی مددسے صنعت، زراعت اور ترقی کی بدولت روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے،پائیدار ترقی اور معاشی خوشحالی کا نیا دور دیکھنے کو ملے گا۔ بدھ کو چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور چینی عوام کی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے چیئرمین کے درمیان ورچوئل لنک کے ذریعے رابطہ ہوا چیئرمین سینیٹ کے ساتھ سینیٹرز کے وفد جن میں سینیٹرز سجاد حسین طوری، دلاور خان، مرزا محمد آفریدی، محمد علی خان سیف، مشاہد حسین سید اور نصیب اللہ بازئی نے بھی اس آن لائن میٹنگ میں شرکت کی۔سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی شریک ہوئے۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، کرونا وباء کے بعد پارلیمانوں کے ابھرتے ہوئے نئے کردار، سی پیک اور بی آر آئی کی سطح پر تعاون اور پارلیمانی اداروں میں تعاون اور وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئر مین سینٹ نے کہاکہ چین ہمارا قریبی دوست، شراکت دار اور بھائی ہے،پاکستان اور چین وسیع البنیاد، طویل مدتی دوستی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ چند سالوں میں یہ دوستی اسٹرٹیجیک شراکت داری میں تبدیل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں میں بھی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ چیئر مین سینٹ نے کہاکہ پاکستان اور چین نے ہر مشکل دور میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے،چین نے وباء پر قابو پانے کیلئے مثالی اقدامات اٹھائے اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ چین نے وباء کے پھیلاؤ پر قابوپانے کیلئے پاکستان کا ساتھ دیا جس پر پاکستانی قوم، حکومت، پارلیمان اور عوام شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک چائنا پالیسی اور موقف پر قائم ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی مفاد کے انتہائی اہم امور پر پاکستان نے چین کے موقف کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان چین کی حمایت اور مختلف امور پر نقطہ نظر کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر چین نے بھارتی مظالم اور مقبوضہ کشمیر کے مسلے پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی جس پر ہم چین کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمانی سطح پر پاکستان اور چین کے درمیان مثالی تعاون پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر ایک جیسا موقف رکھتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور اب تک سب سے زیادہ سرمایہ کاری کر چکا ہے۔ چیئر مین سینٹ نے کہاکہ پاکستان خطے کے ساتھ رابطہ کاری کیلئے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک رابطہ کاری کیلئے ایک بہت بڑا منصوبہ ثابت ہو گا،سی پیک کی بدولت چین وسطی ایشیاء اور مشرق وسطہ کی تین ارب سے زائد آبادی خوشحالی کا نیا دور دیکھے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ سی پیک کی بدولت خطے میں اقتصادی و معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ گوادر توانائی، تجارتی اور نقل و حمل کیلئے ایک بہت بڑے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کی مددسے صنعت، زراعت اور ترقی کی بدولت روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پائیدار ترقی اور معاشی خوشحالی کا نیا دور دیکھنے کو ملے گا۔


