پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے استعفے بلاول بھٹو کوجمع کرا دیئے ہیں،مراد علی شاہ
لاڑکانہ :وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے استعفے بلاول بھٹو کوجمع کرا دیئے ہیں، جب مناسب ہوگا قیادت استعفوں سے متعلق فیصلہ کرے گی۔پیپلز پارٹی سندھ حکومت کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریگی۔ سینیٹ اور ضمنی الیکشن ہو رہے ہیں، اس میں حصہ اس لیے لینا ہے، میدان خالی نہیں چھوڑ سکتے۔شہید محترمہ بے نظیر کی تیرہویں برسی کے لیے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ پارٹی رہنما شرجیل میمن اور تیمور ٹالپور کے ہمراہ گڑھی خدا بخش پہنچ گئے اور شہدا کے مزار پر حاضری دی۔بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ڈی ایم قیادت کے آنے کے باعث گڑھی بخش بھٹو میں برسی کے موقع پر پہلے سے سخت انتظامات کیئے جارہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی کال کے باوجود مولانا فضل الرحمان نے لاڑکانہ آمد سے معذرت کرلی ہے، اور اب سربراہ جے یو آئی (ف) گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہونے والے جلسہ میں شرکت نہیں کریں گے۔ جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما مولانہ راشد محمود نے مولانا فضل الرحمان کی گڑھی خدا بخش جلسے میں شرکت سے معذرت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سربراہ جے یو آئی کی جگہ پارٹی کے مرکزی رہنماوں کا 5 رکنی وفد جلسے میں شرکت کرے گا۔آج ہفتہ کو بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسے میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور جے یو آئی ف کا وفد مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں شرکت کرے گا۔


