قلات میں سرد ہواؤ ں کا راج،درجہ حرارت منفی 9ریکارڈ

قلات:قلات میں سردی کا راج، پارہ منفی 9 ریکارڈ، لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ پانی کی پائپ لائنیں جم کر پھٹ گئیں۔ پانی کی سپلائی معطل، گیس پریشر کی مکمل غائب، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا، تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات قلات کے انچارج شیر احمد مینگل کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت منفی 9 ریکارڈ کیا گیا۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف یخ بستہ ہواوں کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ کئی عرصوں سے گیس پریشر کی بدستور مکمل بندش جاری ہے جس سے گھریلو صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ خواتین کو امور خانہ داری میں بھی شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہاں کے شہری ضروریات زندگی و خصوصا سردی سے بچاو و اپنی زندگیاں بچانے کیلئے گیس استعمال کرتے ہیں۔ قلات میں گیس پریشر کی بحالی کیلئے یہاں کے منتخب عوامی نمائندوں کی جانب سے کی گئی کوششیں بھی بے سود ثابت ہوئی۔ مہنگائی کے باعث شہری ایل پی جی گیس، سوختی لکڑیاں خریدنے سے قاصر ہیں۔ عوامی حلقوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، وفاقی محتسب اعلی و دیگر ذمہ داران سے گیس بندش کی نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں