عاصمہ جہانگیر گروپ پاکستان بار کونسل کی اکثر نشستوں پر کامیاب

لاہور: پاکستان بار کونسل (پی بی سی) کے 23 رکنی ایوان کی اکثر نشستوں پر مرحومہ عاصمہ جہانگیر کے نام سے معروف آزاد گروپ نے کامیابی حاصل کرلی۔

2020 سے 2025 تک آئندہ 5 سالوں کے لیے اس گروپ نے پنجاب کی 9 میں سے 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ بقیہ پر حامد خان گروپ کامیاب ہوا۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق کامیاب ہونے والوں میں آزاد گروپ کے سربراہ محمد احسن بھون، اعظم نذیر تارڑ، عابد ساقی، طاہر نصر اللہ وڑائچ، پیر مسعود چشتی، حفیظ الرحمٰن چودھری، حسن رضا پاشا، مرزا عزیز اکبر بیگ اور سید کلب حسن شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بیرسٹر علی ظفر کا شمار احسن بھون، اعظم نذیر تارڑ اور عابد ساقی سمیت آزاد گروپ کی سینئر قیادت میں ہوتا ہے۔

پنجاب میں پروفیشنل گروپ کے کامیاب ہونے والے اراکین میں چودھری اشتیاق اے خان اور شفقت محمود چوہان شامل ہیں۔

اس کے علاوہ آزاد گروپ نے سندھ کی 6 میں سے 4 نشستیں جبکہ خیبر پختونخوا کی 4 میں سے 3 نشستیں حاصل کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔

بطور ریٹرننگ افسر ان انتخابات کا انعقاد کروانے والے اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان 5 جنوری کو پاکستان بار کونسل کے انتخابات کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

علاوہ ازیں صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز نے صوبائی بار کونسلز کے لیے ہونے والی پولنگ کے عمل کے انتظامات سنبھالے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اکتوبر میں ہونے والے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) کے انتخابات میں بھی عاصمہ جہانگیر سے منسوب کیے جانے والے آزاد گروپ نے زیادہ تر عہدے حاصل کیے تھے، جن میں پنجاب اور سندھ میں سیکریٹری اور نائب صدر کے عہدے بھی شامل تھے۔

سال 21-2020 کے انتخابات کے نتیجے میں آزاد گروپ کے عبدالطیف آفریدی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے تھے۔

تمام سیاسی پارٹیوں بشمول پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے وکلا نے معمولی اختلاف سے عبدالطیف آفریدی کی حمایت کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں