کورونا وائرس کے سبب اسکواش کے عظیم کھلاڑی اعظم خان جاں بحق

اسکواش کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک اور لگاتار چار مرتبہ برٹش اوپن چیمپیئن شپ جیتنے والے پاکستانی اسٹار اعظم خان لندن میں کورونا وائرس کے سبب انتقال کر گئے۔1959 سے 1962 تک لگاتار چار مرتبہ برٹش اوپن تائٹلز جیتنے والے اعظم خان کے گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آج 95 برس کی عمر میں اس دار فانی سے کوچ کر گئے۔ان کے بیٹے نے ہفتے کی دوپہر اپنے والد کی وفات کی تصدیق کردی۔اعظم خان 60کی دہائی میں برطانیہ میں مقیم ہو گئے تھے اور وہ ان کا تعلق اسکواش کے اس گھرانے سے ہے جس نے کئی سالوں تک پاکستان کو فتوحات سے ہمکنار کرایا۔اسکواش پلیئر ڈاٹ کو ڈاٹ یو کے کے مطابق اعظم کے بڑے بھائی ہاشم خان 1951 میں برٹش اوپن جیتنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی تھے اور انہوں نے والد کے انتقال کے بعد 11سال چھوٹے بھائی اعظم کی پرورش کی ذمے داری اٹھائی۔وہ 1953 میں اعظم کو اپنے ہمراہ لندن لے گئے تھے اور وہاں جاتے ہی انہوں نے پیشہ ورانہ اسکواش کے مقابلوں میں حصہ لینا شروع کردیا تھا۔اعظم نے برٹش اوپن میں پہلی مرتبہ شرکت کی تو اسی سال سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے جہاں ان کا مقابلہ اپنے بڑے بھائی سے ہوا جس میں انہیں سخت مقابلے کے بعد بڑے بھائی کے ہاتھوں پانچ سیٹ کے میچ میں شکست ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں