حکمران ملکی آئین کی بے توقیری کررہے ہیں، عثمان کاکڑ

کوئٹہ:پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سنیٹر عثمان خا ن کاکڑ، صوبائی نائب صدر عبدالقہار خان ودان،صوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے، سید عبدالقادر آغا، یوسف خان کاکڑ، عبدالمجید خان اچکزئی، علاؤالدین کولکوال، فقیر خوشحال کاسی اور سید شراف آغا نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کل 17جنوری بروز اتوار کو پشتونخوامیپ ضلع ہرنائی کے زیر اہتمام ریلوے گراؤنڈ (گنج میدانی) میں صبح11بجے کے جلسہ عام کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ہرنائی کا یہ جلسہ عام انتہائی اہمیت کا حامل ثابت ہوگا۔ جلسہ عام سے پشتونخوامیپ کے سربراہ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے نائب صدر ملی مشر محترم محمودخان اچکزئی اورپارٹی کے دیگر مرکزی وصوبائی قائدین خطاب فرمائینگے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ2018کے عام انتخابات میں زر اور زور کی بنیاد پر بدترین دھاندلی کرکے عوام کے حقیقی نمائندوں کو اسمبلی سے دور رکھا گیا اور اپنے من پسند افراد کا انتخاب کرکے الیکشن کی بجائے سلیکشن کی گئی اور انہیں عوام پر مسلط کیا گیا اور آج ان حکمرانوں کی نااہلی، ناکامی کے باعث جہاں ملکی آئین کی بے توقیری جاری ہے وہی اٹھارویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے خلاف پہلے روز سے سازشیں کی جارہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر آئینی،غیر جمہوری حکومت نے اپنے عوام دشمن اقدامات وپالیسیوں کے باعث ملک کو بدترین بحرانوں سے دوچار کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کو خارجی طور پر یک وتنہا کردیا ہے اور اس سلیکٹڈ حکومت نے اپنی کرپشن وکمیشن کیلئے غریب عوام پر تاریخ کی بدترین مہنگائی وبیروزگاری مسلط کردی ہے جس کی وجہ سے غریب آج دووقت کی حلال روٹی کیلئے پریشان ہیں اور اس مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھی دی ہے۔ لیکن سلیکٹڈ حکومت اور اس کے نام نہاد ترجمانوں کو یہ مہنگائی نظر نہیں آتی اور اسے جھوٹ قرار دیکر ہندسوں کی کمی بیشی اور میڈیا پر الزامات لگاکر کہا جارہا ہے کہ میڈیا اپنی رینکنگ بڑھانے کیلئے مہنگائی کا واویلا کررہی ہیں جو کہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں امن وامان کی بدترین صورتحال سلیکٹڈ حکومت کے روز اول سے شروع ہوئی اور اس صوبے بالخصوص جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع میں یکے بعد دیگرے دہشتگردی کے واقعات رونماء ہوئے جس میں ہمارے بے گناہ،نہتے، معصوم عوام کو شہید کیا گیا۔ چوری ڈکیتی اور اغواء برائے تاوان کی وارداتیں، مسلح گروہوں کا پھر سے سرگرم ہونا، منشیات فروشی کے اڈوں کا سرعام قائم ہونا یہ سب حکومتی سرپرستی کے بغیر ممکن نہیں۔ آج ہمارے عوام کو ایک بار پھر امن وامان کے مخدوش صورتحال کا سامنا ہے اور ان کی جان ومال محفوظ نہیں جبکہ سلیکٹڈ حکومت اور قانون نا فذ کرنیوالے ادارے خود کو ہرواقعہ کی صرف اور صرف اخباری بیانات میں مذمت کرکے خود کو بری الذمہ قرار دیتے ہیں اور آج تک کسی بھی واقعہ کا کوئی بھی ملزم قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں جمہوریت اور اس کے استحکام، آئین وقانون کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی، عوام کے ووٹ کی تقدس کی بحالی، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام، عدلیہ ومیڈیا کی آزادی ودیگر اہم نکات کیلئے جدوجہد کررہی ہیں اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن صاحب کی قیادت میں ملک کی دیگر سیاسی جمہوری پارٹیوں کے اتحاد پر مشترکہ پلیٹ فارم سے جدوجہد کرتے ہوئے اس ملک کو درپیش بحرانوں اور عوام کو سلیکٹڈ حکومت سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد کررہی ہیں اور پی ڈی ایم کی اس تحریک کو عوام کی بھرپور پذیرائی حاصل ہے۔ بیان میں ضلع ہرنائی کے غیور وطن دوست، جمہوریت پسند تمام عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کل بروز اتوار 17جنوری کو پشتونخوامیپ کے زیر اہتمام ضلع ہرنائی کے ریلوے گراؤنڈ (گنج میدانی) میں ہونیوالے اس عظیم الشان جلسہ عام میں اپنی شرکت کو بھرپور انداز میں یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں