وفاقی وزیر اطلاعات کا بیان اپنی حکومت کی نااہلی اور ناکامی چھپانے کی کوشش ہے، شازیہ مری
اسلام آباد :پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات کا بیان اپنی حکومت کی نااہلی اور ناکامی چھپانے کی کوشش ہے۔ اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کے دوران درست سوالات اٹھائے، سلیکٹڈ وزیرِاعظم نے اپنا غیر قانونی گھر ریگیولرائز کرا لیا لیکن غریبوں کی چھت چھین لی۔انہوں نے کہاکہ سندھ اور بلوچستان کے جزیروں پر قبضہ نہیں کرنے دینگے،شبلی فراز حکومتی کارکردگی پر بات کریں،نااہل حکومت نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ شازیہ مری نے کہاکہ وفاقی وزراء نے سوالات کے جواب دینے کی بجائے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنانے کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہے، سلیکٹیڈ حکومت پیپلزپارٹی پر تنقید سے اپنی ناکامیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتی۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے گندم کی اسمگلنگ میں سہولت کار بن کر ملک میں گندم کا بہران پیدا کیا،ایس ایس جی سی کے ریکارڈ کے مطابق سندھ کو ساڑھے سات سو سے ساڑھے آٹھ سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جا رہی ہے سندھ کو اس کی اپنی گیس سے محروم کیا جا رہا ہے،وفاقی حکومت مسلسل آئین کی پامالی کررہی ہے۔شازیہ مری نے کہاکہ عوام آٹا، چینی، گندم، ادویات، پٹرول اور بجلی بحران کے اصل ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی منتظر ہے


