میں مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں، بلاول بھٹو زر داری

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ کوئی ایک مستحق بھی کہیں بھوکا نہ رہ جائے۔ اتوار کو چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں یومیہ اجرت پر انحصار کرنے والوں کی امداد کے میکنزم کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، ناصر شاہ، امتیاز شیخ اور مرتضی وہاب نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے سعید غنی اور حارث گزدر بھی شریک ہوئے۔اتوار کے روز سندھ کی قیادت کی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے طویل مشاورت کی گئی۔اجلاس میں مستحق افراد کی نشان دہی اور ان تک رسائی کی منصوبہ بندی پر گفتگو کی گئی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سندھ کے وزیراعلی مراد علی شاہ نے حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ کوئی ایک مستحق بھی کہیں بھوکا نہ رہ جائے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ سندھ حکومت ایک ایک مستحق کے گھر پہنچے۔ انہوں نے کہاکہ میں مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ایک ایسا نظام بنانا ہوگا کہ حکومت، فلاحی ادارے اور مخیر حضرات ایک پلیٹ فارم سے مستحقین کی مدد کریں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت فوری طور پر مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کے ذمہ داران سے مشترکہ لائحہ عمل کے لئے مشاورت کرے۔ انہوں نے کہاکہ مخیر حضرات اور فلاحی ادارے مستحق افراد کی مدد کیلئے سندھ حکومت کے بازو بنیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ سندھ حکومت نے مستحق افراد کی امداد کا انتہائی مؤثر اور ایک بہترین نظام بنایا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ مخیر حضرات اور فلاحی ادارے سندھ حکومت کے بازو بن کر زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتے ہیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اگر کوئی اپنے پڑوسی کی بھی مدد کرسکتا ہے تو وہ بھی اس سخت وقت میں اپنا حصہ ڈالیے انہوں نے کہاکہ اگر آپ کسی ایک شخص کی مدد کرسکتے ہیں تو آگے بڑھیں اور اس بحران میں اپنا کردار ادا کریں،کرونا وائرس کے بحران سے ہم سب کو مل کر لڑنا ہوگا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ لاک ڈاؤن کا عمل طویل ہونے کی صورت میں سندھ حکومت کے پاس مکمل منصوبہ بندی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ لاک ڈاؤن پر مکمل عمل درآمد کریں، لاک ڈاؤن پر مکمل عمل درآمد کے ذریعے ہی کرونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ میرے نزدیک سب سے اہم اپنے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے، سندھ میں کرونا سے مشتبہ افراد کی زیادہ سے زیادہ اسکریننگ کا عمل جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ کرونا ایمرجنسی سینٹرز اور اسپتالوں میں ہمارے ڈاکٹرز بہترین کام کررہے ہیں، میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو ان کی خدمات پر سلام پیش کرتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں