بیٹے کے قاتلوں کو گرفتارنہیں کیاگیا توخودسوزی کرونگا، محمدعمر
کوئٹہ :سریاب کلی بنگلزئی کے رہائشی محمد عمر نے چیف جسٹس سپریم کورٹ، وزیراعلیٰ بلوچستان، آئی جی پولیس ودیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے ان کے بیٹے کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کانوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر وہ احتجاجاً سریاب پولیس تھانے کے سامنے خودسوزی کرنے پر مجبور ہوں گے۔ اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ مہینے 16جنوری کو ان کے بیٹے منور احمد اور پوتا شفیق احمد کبوتروں کا دانہ لینے کے لئے سریاب روڈ ایریگیشن کالونی کے سامنے موٹرسائیکل کھڑی کرکے دکان کے اندر چلے گئے تو ساتھ ہی واقع قصائی کی دکان سے ملزم نکل کو وہاں موٹرسائیکل کھڑی کرنے پر ان کے بیٹے پر حملہ آور ہوا جبکہ ملزم اور ان کے دیگر ساتھیوں نے خنجروں کے وار کرکے اور بعد ازاں گولیاں مار کر ان کے بیٹے منور احمد کو قتل کردیا جبکہ ان کا پوتا شفیق احمد فائرنگ سے معجزانہ طور پر بچ نکلے، ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے مبینہ طور پر ایس ایچ او کی مدعیت میں غلط ایف آئی آر درج کرلی ہے تاہم انہوں نے بیٹے کی فاتحہ خوانی سے فارغ ہو کر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے درخواست دی مگر ان کے ساتھ ابھی تک کسی قسم کا تعاون نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ ملزمان کی عدم گرفتاری کا نوٹس لے کر انہیں انصاف دلائی جائے بصورت دیگر وہ سریاب تھانے کے سامنے خود پر پٹرول چھڑک کر خود سوزی کریں گے۔


