لندن عدالت سے انصاف ملا امید ہے احتساب عدالت سے بھی ملے گا، شہباز شریف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ لندن کی عدالت سے مجھے انصاف ملا ہے امید ہے احتساب عدالت سے بھی انصاف ملے گا۔احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی تو شہباز شریف روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ میرے خلاف نیب کیس بنایا گیا جس میں منی لانڈرنگ،کک بیکس کے الزامات لگائے ہیں، اسی طرح کے الزامات کے برطانوی اخبار میں لگائے گئے، اس پر میں نے ڈیلی میل کے خلاف ہتک عزت کا دعوا دائر کیا، 5فروی کو لندن کی ہائیکورٹ میں اس کیس کی پہلی سماعت ہوئی، حکومت پاکستان کے بڑے آفیشل کے بیانات ڈیلی میل کے وکیل نے عدالت میں پڑھے، جسٹس نکلین میتھو نے واضح کہا کہ الزامات کے ثبوت دیں۔

شہبازشریف نے بتایا کہ میرے خلاف 58والیم پر مشتمل ریفرنس دائر کیا گیا، یہ 58 والیم لندن کی ڈیلی میل کو پہنچائے گئے، لندن کی عدالت سے مجھے انصاف ملا ہے امید ہے آپکی عدالت سے بھی انصاف ملے گا، ڈیلی میل والے کہتے ہیں میرے خلاف کوئی شواہد نہیں ہیں، اللہ سے ڈر کے کہتا ہوں کہ ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوجائے تو میں معافی مانگ کر گھر چلا جاؤں گا۔

جج جوادالحسن نے کہا کہ اگر آپ کو لگتا ہے ڈیلی میل کے فیصلے پر آپ بری ہوسکتے ہیں تو آپ درخواست دے دیں، آپ اس عدالت کا فیصلہ ساتھ لگائیں بریت کی درخواست دیں ہم فیصلہ کردیں گے، نیب والے تو کہتے ہیں ان کے پاس شواہد ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں