کوئٹہ شہر میں گیس کمپنی نے 10 روز کے اندر پریشر بحال نہ کیا تو دفتر کا گھیراو کریں گے، بی اے پی
کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان عوامی پارٹی کوئٹہ سٹی کے صدراحسان اللہ خاکسار نے کہا ہے کہ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی کوئٹہ شہر میں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے جس سے بوڑھے ،بچے بیمار ہورہے ہیں جبکہ دوسری طرف گیس کے بل دو سے گنا زیادہ بھیجے جارہے ہیں ،سوئی سدرن گیس کمپنی نے 10روز کے اندرگیس پریشر بحال نہ کیا تو گیس دفتر کاگھیراو کریں گے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کی شام بلوچستان عوامی پارٹی کے آرگنائزر سیکرٹری ملک خدابخش لانگو، اقلیتی ونگ کے صوبائی صدر روز جان،ضلع جعفر آباد کے صدر اللہ داد د شتی ،کوئٹہ سٹی کے جنرل سیکرٹری انورشاہ اورعارف بازئی کے ہمراہ بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔احسان اللہ خاکسار نے کہا کہ گیس بلوچستان سے نکلتی ہے جو ملک کے دوسرے صوبوں کو فراہم کی جارہی ہے جبکہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے عوام اس قدرتی نعمت سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو تین ماہ سے کوئٹہ شہر اور سرد علاقوں میں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے اورگیس پائپ سے ہوا آتی ہے اورسوئی سدرن گیس کمپنی صارفین کو دو سے تین گناہ زیادہ بل بھیج رہی ہے جسے بلوچستان کے عوام جمع کرانے کی استعداد نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات کے باوجود سوئی سدرن گیس کمپنی نے کوئٹہ شہر میں گیس پریشر ابھی تک نہیں بڑھایا ہے سردی کی وجہ سے بچے ،بوڑھے بیمار ہورہے ہیں جبکہ خواتین کو کھانا پکانے میں سخت مشکلات درپیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی عوام کی جماعت ہے جوعوام کودرپیش مسائل کے حل کیلئے ہرفورم پر آواز اٹھائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگرسرد علاقوں میں گیس پریشر نہ ہونے کے خلاف ایوانوں میں بھی آواز بلندکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر بلوچستان ، وزیراعلیٰ بلوچستان اوردیگر حکام بالا گیس پریشر نہ ہونے کانوٹس لیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی فوری طور پر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں گیس پریشر بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائے بصورت دیگر بلوچستان عوامی پارٹی سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے گھیراو سمیت سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔


