ریکوڈک مائننگ کمپنی کے تحت چاغی میں کمیونٹی ہیلتھ کلینک اور پرائمری اسکول کا افتتاح کردیا گیا
کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ریکوڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) نے اپنے کمیونٹی انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت دو اہم منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے مشکی چاہ کمیونٹی ہیلتھ کلینک اور نوکچاہ پرائمری اسکول کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ اقدامات کمپنی کے اپنے آپریشنل علاقوں اور اطراف کی آبادیوں کو بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی کے لیے طویل المدت عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ دونوں منصوبوں کا افتتاح ریکوڈک پروجیکٹ کے جنرل منیجر مسٹر رائن مچل نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آر ڈی ایم سی کے کمیونٹی کی شراکت پر مبنی ترقیاتی ماڈل کو دہرایا، جس کے تحت کمیونٹی ڈیولپمنٹ کمیٹیوں (سی ڈی سیز) کی مشاورت سے منصوبوں کو ترجیح دی جاتی ہے تاکہ مقامی ضروریات کی حقیقی عکاسی ہو اور کمیونٹی کی ملکیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا: "یہ عملی کام کمیونٹی کی ملکیت میں دیے گئے منصوبے ہیں جو روزمرہ زندگی میں حقیقی تبدیلی لاتے ہیں۔ سی ڈی سیز اور قابلِ اعتماد شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے ہماری توجہ ایسے پائیدار نتائج پر ہے جنہیں کمیونٹیز خود برقرار رکھ سکیں اور وقت کے ساتھ مزید بہتر بناسکیں۔ مشکی چاہ کمیونٹی ہیلتھ کلینک علاقے میں آر ڈی ایم سی کی جانب سے قائم کیا جانے والا تیسرا صحت کا مرکز ہے، جس سے قبل ہ±مئے گاو¿ں اور نوکنڈی میں ہیلتھ کلینکس قائم کیے جاچکے ہیں۔ یہ کلینک بالخصوص زچہ و بچہ کی صحت پر توجہ مرکوز کرے گا، جہاں حاملہ خواتین کو قبل از زچگی اور بعد از زچگی دیکھ بھال سمیت بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ توقع ہے کہ یہ مرکز مشکی چاہ اور اس کے گرد و نواح کی آبادیوں کی صحت کے اشاریوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ آر ڈی ایم سی کے کمیونٹی انویسٹمنٹ لیڈ محمد عیسیٰ طاہر نے اس موقع پر کہا کہ یہ تینوں کمیونٹی ہیلتھ کلینکس، اس کے ساتھ ساتھ موبائل ہیلتھ یونٹ، جو اس وقت 20 سے زائد دیہات کو خدمات فراہم کر رہا ہے، دور دراز علاقوں میں معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ نوکچاہ پرائمری اسکول کا افتتاح آر ڈی ایم سی کی تعلیم پر مرکوز کمیونٹی سرمایہ کاری کے ایک اور اہم مرحلے کی نمائندگی کرتا ہے۔ تعلیم آر ڈی ایم سی کے کمیونٹی انویسٹمنٹ پروگرام کا ایک بنیادی ستون ہے جس کے تحت اسکول انفراسٹرکچر کی بہتری، بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی، اور شراکت دار اداروں اور مقامی کمیونٹیز کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے پائیدار تعلیمی نتائج حاصل کرنے پر توجہ دی جاتی ہے۔ اسکول کی افتتاحی تقریب میں طلبہ، والدین، اساتذہ، سی ڈی سی کے اراکین، قبائلی عمائدین اور مقامی معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقامی کمیونٹی کے نمائندے عبدالسلام نے آر ڈی ایم سی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا: "تعلیم ہمارے بچوں کو بااختیار بنانے اور ہماری کمیونٹی کے مستقبل کو مستحکم کرنے کی بنیاد ہے۔ انفراسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ ساتھ، آر ڈی ایم سی ضلع چاغی میں اپنے زیرِ تعاون تمام اسکولوں میں اہل اساتذہ کی بھرتی، نصابی کتب اور یونیفارم کی فراہمی کے ذریعے بھی تعلیم کو فروغ دے رہا ہے جس سے معیاری تعلیم تک رسائی مزید آسان ہوگا۔


