نوکنڈی میں آر ڈی ایم سی اسکول اسکالر شپ پروگرام کے تحت سالانہ نتائج کی تقریب

نوکنڈی (انتخاب نیوز) ریکوڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) اور پروگریسو ایجوکیشن نیٹ ورک (PEN) کے اشتراک سے آر ڈی ایم سی اسکول اسکالرشپ پروگرام کے تحت ایک پروقار سالانہ نتائج کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کا مقصد اسکالرشپ پروگرام سے مستفید ہونے والے طلبہ کی شاندار تعلیمی کارکردگی کو سراہنا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے آر ڈی ایم سی، PEN اور مقامی کمیونٹیز کے مشترکہ عزم کا اعادہ کرنا تھا۔ تقریب میں آر ڈی ایم سی کے اسکالرشپ کے تحت اقراءاسکول، کوئٹہ میں زیرِ تعلیم سات طلبہ کی کامیابیوں کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا، جنہوں نے محدود وسائل، گھر سے دوری اور ہاسٹل کی زندگی کے چیلنجز کے باوجود نمایاں تعلیمی نتائج حاصل کیے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول سے ہوا، جس سے ایک روحانی اور مثبت فضا قائم ہوئی۔ بعد ازاں PEN کے پروجیکٹ مینیجر/کوارڈی نیٹر محمد یوسف نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے طلبہ کی محنت، نظم و ضبط اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے آر ڈی ایم سی کا شکریہ ادا کیا کہ اس ادارے نے دور دراز علاقوں کے ہونہار طلبہ کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کیے، اور والدین و کمیونٹی کے تعاون کو بھی طلبہ کی کامیابی کا اہم ستون قرار دیا۔ تقریب کا ایک نہایت متاثرکن حصہ وہ تھا جب طلبہ نے اسٹیج پر آ کر اپنی کامیابیوں کی کہانیاں بیان کیں۔ سعید، ہارون اور شہزیب نے ہاسٹل کی زندگی، تعلیمی دباو¿ اور ابتدائی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ آر ڈی ایم سی اسکالرشپ نے انہیں اعتماد، وقار اور آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔ ان کے تاثرات نے حاضرین کو گہرے طور پر متاثر کیا اور اسکالرشپ پروگرام کے حقیقی اثرات کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر آر ڈی ایم سی کے کمیونٹی انویسٹمنٹ لیڈ، محمد عیسیٰ طاہر بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی، نظم و ضبط اور سیکھنے کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے اپنی ذاتی ہاسٹل زندگی کے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ گھر سے دور رہنا مشکل ضرور ہوتا ہے، مگر یہی تجربہ شخصیت سازی، خود اعتمادی اور استقلال پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچیوں کو بھی تعلیم کے ان مواقع سے فائدہ اٹھانے دیں، کیونکہ لڑکیوں کی تعلیم ایک مضبوط اور باوقار معاشرے کی بنیاد ہے۔ کمیونٹی نمائندگان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آر ڈی ایم سی اور PEN کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے تعلیمی پروگرام نہ صرف طلبہ بلکہ پورے معاشرے کی سوچ اور سمت بدل رہے ہیں، اور آنے والی نسلوں کے لیے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ تقریب کا ایک جذباتی لمحہ وہ تھا جب طلبہ نے اپنے والدین کو اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ یہ عمل والدین کی قربانیوں، اعتماد اور مسلسل حمایت کا خوبصورت اعتراف تھا، جس نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔ آخر میں نمایاں تعلیمی کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں تعلیمی انعامات تقسیم کیے گئے، جس سے طلبہ کا حوصلہ مزید بلند ہوا اور تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاءکا کہنا تھا کہ آر ڈی ایم سی کا اسکالرشپ پروگرام نوکنڈی اور گردونواح کے بچوں کے لیے معیاری تعلیم کے دروازے کھول رہا ہے۔ منتظمین کے مطابق پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں اگرچہ طلبہ کو مختلف مشکلات کا سامنا رہا، مگر وقت کے ساتھ نہ صرف طلبہ کا اعتماد بحال ہوا بلکہ آئندہ مرحلے کے لیے ستائیس طلبہ کے انتخاب کو بھی حتمی شکل دی جا چکی ہے، جبکہ طالبات کی شمولیت کے حوالے سے بھی مثبت پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔ یہ تقریب اس عزم کی عکاس تھی کہ تعلیم، کمیونٹی اشتراک اور مسلسل تعاون کے ذریعے پسماندہ علاقوں کے بچوں کی زندگیاں بدلی جا سکتی ہیں، اور یہی سفر مستقبل میں مزید کامیابیوں کی نوید بنے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں