کوئٹہ سمیت بلوچستان میں گندم کے بحران کے باعث آٹے کی قیمت بڑھ گئی ،20 کلو آٹے کا تھیلا 2500سے تجاوز کر گیا
کوئٹہ (آن لائن) کوئٹہ سمیت بلوچستان میں گندم کے بحران کے باعث آٹے کی قیمت بڑھ گئی کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں 20 کلو آٹے کی تھیلا 2500سے تجاوز کر گیا جبکہ 100 کلو گرام کی قیمت میں 200 روپے سے 300 اضافہ ہوگیا جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2500 روپے سے تجاوز کر چکا ہے، جس سے غریب عوام شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق گندم کی قلت اور حکومتی سطح پر موثر اقدامات نہ ہونے کے باعث فلور ملز کو مطلوبہ مقدار میں گندم دستیاب نہیں، جس کے باعث آٹے کی قیمت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی جانب سے نرخ کنٹرول کرنے میں ناکامی نے صورتحال کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی غفلت اور بدانتظامی کی سزا عوام کو مہنگائی کی صورت میں بھگتنی پڑ رہی ہے۔ غریب طبقہ آٹا خریدنے سے قاصر ہے اور کئی علاقوں میں آٹے کی فراہمی بھی بند ہو چکی ہے۔عوامی حلقوں نے وزیراعلی بلوچستان اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور آٹے کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ عام شہریوں کو ریلیف مل سکے۔


