سرفراز بگٹی کی بطور بگٹی قبیلے کے نئے سردار دستار بندی کی تقریب
ڈیرہ بگٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈیرہ بگٹی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی بطور نئے سردار کی حیثیت سے دستار بندی کی گئی۔ سرفراز بگٹی کا تعلق بگٹی قبیلے کے ذیلی شاخ مسوری سے ہے۔ تقریب میں بگٹی قبائلی کے کچھ عمائدین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ میں اپنے خاندان، بگٹی قبائل سمیت دیگر قبائل کا شکر گزار ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ یہ دستار جو آپ نے میرے سر پر رکھی ہے یہ دستار ایک امانت ہے ، ایک ایسی امانت جو انصاف کا تقاضا کرتی ہے ایک ایسی دستار جو بہادری کا تقاضا کرتی ہے، ایک ایسی دستار جو ہمیشہ بھائی چارے اور محبت اور اخلاص کا تقاضا کرتی ہے ، میں آپ اقوام سے یہ وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کی تمام توقعات پر پوری ایمانداری کیساتھ پوری محنت اور جذبے کے ساتھ کھڑا تھا اور کھڑا رہوں گااور آپ لوگوں کو مایوس نہیں کروں گا۔ بگٹی قوم نے جس یقین، اعتماد اعتبار آج اس دستار کی صورت میں میرے سر پر رکھی ہے یہ دستار اسی صورت میں اسی محبت اور خلوص کیساتھ صرف اور صرف آپ کی خدمت کرکے اس دستار کا قرض اتارنے کی کوشش کروں گا۔


