ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم پولیو کے قطرے پلانے کیلئے پولیس ساتھ بھیجتے ہیں، وفاقی وزیر صحت

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیرقومی صحت و تحقیق مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں تھیلیسیمیا کا بڑھتا رجحان تشویشناک ہے۔ وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے نجی تھیلیسیمیا کیئر سینٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور قوم کی غفلت کے سبب تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچے پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں نکاح سے پہلے لڑکے کا ٹیسٹ کرانا چاہیئے۔ جو نکاح سے قبل ٹیسٹ نہیں کررہا تو وہ جرم کررہا ہے۔ اس کے بعد اگر وہ ایسا کررہا ہے تو بچے کا قاتل وہ خود ہوگا۔ کیا ہم پولیو گن پوائنٹ پر پلوائیں اور ٹیسٹ بھی گن پوائنٹ پر کرائیں؟ عوام خود شعور حاصل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم پولیو کے قطرے پلانے کیلئے پولیس ساتھ بھیجتے ہیں۔ اعضا کی خرید و فروخت پر پابندی ہے لیکن رشتے دار ایک دوسرے کو اعضا دے سکتے ہیں۔ بون میرو ٹرانسپلانٹ کے مرحلے کو آسان بنارہے ہیں۔ ہم کئی ملکوں سے بڑے ملک اور بڑے شہر میں رہتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیدائش میں وقفہ دے نہیں رہے اور اسپتالوں کو برا کہتے ہیں۔ ہمیں اسپتال بنانے پر نہیں مریض کم کرنے پر توجہ دینی ہے۔ ڈاکٹر کہتت ہیں 70 فیصد بیماریاں آلودہ پانی سے ہوتی ہیں۔ اب صاف پانی آپکو وزیر صحت تو نہیں دے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے