ریکوڈک مائننگ کمپنی کے تحت چاغی کے 53 طلبہ نے اسکالر شپس حاصل کرلیں

نوکنڈی (نامہ نگار) ریکوڈک مائننگ کمپنی (RDMC) کے تحت 6 ماہ کے فاﺅنڈیشن پروگرام کے لیے اسکالرشپ کے انٹری ٹیسٹ کے نتائج باضابطہ طور پر جاری کر دیے گئے ہیں، جس کے مطابق ضلع چاغی کے 53 باصلاحیت طلبہ و طالبات نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ اپنے نام کر لی ہے۔ منتخب ہونے والے طلبہ و طالبات IBA Sukkur میں 6 ماہ کے فاﺅنڈیشن پروگرام میں تعلیم حاصل کریں گے۔ اس پروگرام کی کامیاب تکمیل کے بعد طلبہ و طالبات پاکستان کی کسی بھی یونیورسٹی میں انڈرگریجویٹ پروگرامز کے لیے کامیاب ہوتے ہیں تو اس کے بھی تمام اخراجات ریکوڈک مائننگ کمپنی دے گی۔ مقامی حلقوں نے اس کامیابی کو ضلع چاغی کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ RDMC کا یہ اقدام علاقے کے نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ علاقہ مکینوں، والدین اور تعلیمی حلقوں کی جانب سے تمام منتخب طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی جا رہی ہے اور ان کے لیے کامیابی، ترقی اور تابناک مستقبل کی نیک تمناﺅں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں