عوام صبر اور اتحاد سے کام لیں، وینزویلا کسی بھی ملک کی کالونی نہیں بنے گا، دفاع کیلئے تیار ہیں، نائب صدر
کاراکس (مانیٹرنگ ڈیسک) وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو اغوا کیے جانے کے بعد وینزویلا کی عدالت عظمیٰ نے نائب صدر ڈیلسی کو عارضی طور پر عہدہ سنبھالنے کا حکم دے دیا۔ آئینی عدالت کے فیصلے میں کہا گیا کہ روڈ ریگیز کو اس لیے عہدہ سنبھالنے کی اجازت دی جا رہی ہے تاکہ ریاستی معاملات جاری رہیں اور ملک کے دفاع کو یقینی بنایا جا سکے۔ عدالت نے مزید کہا کہ وہ اس صورتحال میں ریاستی نظم، حکومتی انتظام اور خود مختاری کے تحفظ کیلئے قانونی پہلوﺅں کا مزید جائزہ لے گی۔ ڈیلسی روڈریگیز 56 سال کی ہیں اور انہیں وینزویلا کی سوشلسٹ قیادت میں اہم ترین شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ نائب صدر کے ساتھ ساتھ خزانہ اور تیل کی وزارتوں کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکی ہیں۔ مادورو حکومت کے مشکل معاشی دور میں وہ کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر مادورو کو اغوا کیا گیا ہے، وینزویلا کسی بھی ملک کی کالونی نہیں بنے گا۔ نائب صدر نے خطاب میں کہا کہ نکولس مادورو ہی وینزویلا کے صدر ہیں، ملک کے دفاع کیلئے عوام صبر اور اتحاد سے کام لیں۔ وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے کہا ہے کہ امریکی فوج کی کارروائی کے بعد ہم وینزویلا کے دفاع اور اپنے قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔


