وینز ویلا پر امریکی جارحیت، عالمی رہنما دو کیمپوں میں تقسیم، اسرائیل کی حمایت، اقوام متحدہ، روس اور چین کی مذمت، پاکستان اور بھارت کی خاموشی

کراچی (ویب ڈیسک) وینز ویلا پر امریکی جارحیت کے خلاف عالمی رہنماﺅں کا ملا جلا ردعمل۔ اسرائیلی، فرانسیسی صدر، برطانوی اور اطالوی وزرائے اعظم نے حملہ درست قرار دے دیا جبکہ روس، چین، کولمبیا، کیوبا اور ایران نے مخالفت کردی جبکہ سعودی عرب، ترکیہ، پاکستان اور بھارت سمیت کئی ممالک کی جانب سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔ وینز ویلا پر امریکی حملے کے بعد عالمی رہنما 2 کیمپوں میں تقسیم ہوگئے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وینز ویلا پر حملہ تشویشناک قرار دے دیا اور خبردار کیا ہے کہ وینزویلا میں حالیہ پیش رفت بین الاقوامی قانون کے لیے ایک خطرناک مثال بن سکتی ہے۔ علاوہ ازیں چین نے وینزویلا میں امریکی اقدام پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو زبردستی حراست میں لے کر ملک سے باہر منتقل کرنے پر شدید تشویش ہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکی اقدام بین الاقوامی قوانین، تعلقات اور یو این چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکا صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کی سلامتی یقینی بنائے اور انہیں فوری رہا کرے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکا وینزویلا کی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش بند کرے اور مسائل مذاکرات سے حل کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں