کیچ میں بڑھتی بدامنی کیخلاف آل پارٹیز، تاجران اور سول سوسائٹی کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی
تربت (بیورو رپورٹ) کیچ میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور اغوا برائے تاوان کے واقعات کیخلاف آل پارٹیز کیچ،انجمن تاجران،ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور سول سوسائٹی کے تنظیموں کی مشترکہ ریلی اور احتجاج۔احتجاجی ریلی آپسر بازار سے شروع ہوئی جو شہر کے مختلف راستوں کا گشت کرتی ہوئی پریس کلب سے شہید فدا چوک پہنچی جہاں ریلی نے احتجاجی جلسے کا شکل اختیار کرلی۔ احتجاجی جلسہ سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سمیت دیگر رہنماﺅں نے خطاب کیا۔ آل پارٹیز کیچ کے کنوینر نواب خان شمبیزئی نے کہاکہ آج کی اس ریلی کا مقصد کیچ میں حالیہ اغوا برائے تاوان کے واقعات کے واقعات ہیں جو انتہائی تشویشناک ہیں، اگر مغوی شدہ حسیب یاسین اور شاہ نواز گل جان بازیاب نہ ہوئے تو 7جنوری کو شٹر ڈاﺅن ہرتال کیا جائےگا۔ کیچ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ سید مجید شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اغوا برائے تاوان کے واقعات قابل مذمت ہیں،کیچ بار کونسل نے واقعہ کیخلاف آج عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ہے اور ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ سابق نگران وزیر اور شاہ کاروان کے رہنماءمیر غفور احمد بزنجو نے کہاکہ حالیہ بدامنی کے واقعات قابل مذمت ہیں،ریاست عوام کو تحفظ فراہم کرے عوام عدم تحفظ کا شکار ہے۔ سابق سنیٹر اسماعیل بلیدی نے کہاکہ مکران سمیت کیچ کے عوام شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں،عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے،روزگار کے زرائع بند کاروبار بند اب عوام کو جینے کے حق سے بھی محروم رکھا جارہاہے،کاروباری عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے اور اغوا برائے تاوان کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اس موقع پر بی این پی عوامی کے مرکزی نائب صدر کامریڈ ظریف زدگ،بی این پی کے رہنماءڈاکٹر غفور بلوچ،جمعیت علماءاسلام کیچ کے رہنماءمولانا عبدالحفیظ مینگل،مرکزی جمعیت اہل حدیث کیچ کے امیر مولانا سعید احمد تگرانی،جماعت اسلامی کیچ کے امیر غلام یاسین بلوچ بی ایس او پجار کے چیئرمین بوہیر صالح ایڈووکیٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ احتجاجی جلسے میں سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن، کیچ بار ایسوسی ایشن، بلوچستان بارکونسل اور مکران بارکونسل کے وکلاءسمیت مختلف طبقہ فکر کے لوگوں کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کے افراد سمیت مرد وخواتین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر آل پارٹیز کیچ کے سابقہ کنوینر خلیل تگرانی نے نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔جبکہ ریلی میں بلیدہ زامران،مند وتمپ سمیت دیگر علاقوں کی عوام نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کیا۔


