سبی اور لورالائی ڈویژن کو مکمل طور پراے ایریا قرار دے دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری

لورالائی (این این آئی )حکومتِ بلوچستان نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے سبی اور لورالائی ڈویڑن کے تمام ریونیو ایریاز کو باضابطہ طور پر اے ایریا قرار دے دیا ہے، جس کے بعد ان علاقوں میں امن و امان کی ذمہ داری مکمل طور پر بلوچستان پولیس کے سپرد ہوگی محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ بلوچستان پولیس ایکٹ 2011 اور بلوچستان لیویز فورس ایکٹ 2025 کے تحت کیا گیا ہے، جس کی منظوری صوبائی کابینہ نے دی نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سبی اور لورالائی ڈویڑن میں خدمات انجام دینے والی صوبائی و سابق وفاقی لیویز فورس، بشمول CPEC ونگ کے اہلکاروں کو ان کے موجودہ عہدوں، تنخواہوں، سروس اسٹرکچر اور مراعات کے ساتھ بلوچستان پولیس میں ضم کر دیا گیا ہےاس کے علاوہ لیویز فورس سے متعلق تمام وسائل جن میں بجٹ، اسلحہ، گولہ بارود، ناکے، چیک پوسٹس، سرکاری گاڑیاں، ریکارڈ، تفتیشی امور، تربیتی ادارے اور دیگر انفراسٹرکچر شامل ہیں، فوری طور پر بلوچستان پولیس کے حوالے کر دیے جائیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ اضلاع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر سرکاری اداروں کو مقامی و خصوصی قوانین کے نفاذ میں پولیس نفری فراہم کر سکیں۔حکومت نے کمشنر سبی اور کمشنر لورالائی کو ہدایت کی ہے کہ اس نوٹیفکیشن کے اجرا کے 30 دن کے اندر اندر منتقلی کا عمل مکمل کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں