گوادر، دکان میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق
گوادر (بیورو رپورٹ) گوادر میں موبائل ایزی پیسہ شاپ میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق۔ ایئرپورٹ روڈ پر بلال مسجد کے قریب واقع موبائل ایزی پیسہ شاپ میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق دو نقاب پوش ملزمان دکان میں داخل ہوئے اور لوٹ مار شروع کر دی۔ اس دوران ڈاکوﺅں نے دکان میں موجود ایک کسٹمر پر فائرنگ کر دی، جو شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان شاپ کیپر اور وہاں موجود کسٹمرز سے نقدی اور موبائل فونز لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈاکو ایک لاکھ بتیس ہزار روپے نقدی اور کسٹمرز کے موبائل فونز ساتھ لے گئے۔ ایس ایچ او گوادر محسن علی کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت سمیر الٰہی بخش کے نام سے ہوئی ہے، جو مند کا رہائشی تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔


