ایران میں حکومت ضرور گرے گی، عالمی طاقتیں پاسداران انقلاب کو نشانہ بنائیں، رضا شاہ پہلوی
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے آخری بادشاہ کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی نے دنیا سے ایران کی پاسداران انقلاب اور ایرانی کمانڈ اینڈ کنٹرول انفراسٹرکچر کے خلاف سرجیکل سٹرائیک کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکہ میں مقیم حزب اختلاف کے رہنما رضا پہلوی کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے ہمارا کام آسان ہوگا اور مزید جانوں کا ضیاع رکے گا۔ واشنگٹن میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رضا پہلوی نے دعویٰ کیا کہ ایران کے سیکورٹی اداروں کے کچھ حصوں نے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاﺅن میں حصہ لینے سے انکار کر دیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایرانی حکام نے احتجاج کو دبانے کے لیے غیر ملکی جنگجوﺅں بلائے تھے۔ انہوں نے دنیا پر زور دیا کہ وہ ایران کے پاسداران انقلاب کو نشانہ بنائیں، کمانڈ اینڈ کنٹرول انفراسٹرکچر پر سرجیکل سٹرائیک کریں۔ رضا شاہ پہلوی نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ ایران پر اقتصادی دباﺅ ڈالیں، ایرانی سفارت کاروں کو بے دخل کریں اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کریں۔ رضا پہلوی کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ حکومت ضرور گرے گی سوال صرف اتنا ہے کہ یہ کب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام فیصلہ کن کارروائی کر رہی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری ان کا ساتھ دے۔


