کھربوں کی کرپشن جائز مگر ملازمین کیلئے مراعات نہیں، حکومت گرینڈ الائنس کے مطالبات پورے کرے، اصغر اچکزئی
کوئٹہ (ویب ڈیسک) اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ حکومت نے بلوچستان کے عوام کی خلاف دہشت اور وہشت پھیلائی ہوئی ہے۔ گرینڈ الائنس اپنے مطالبات کےلئے میدان میں نکلی ہے، حکومت نے ملازمین کے مسائل کو سنجیدہ لینے کے بجائے انکی آوازکو دبانے کی کوشش کی، حکومت اپنے وعدے پورے کرنے کے بجائے اس سے مکر گئی۔ کیا سرکاری ملازمین جرائم پیشہ لوگ ہیں، انکے گھر پر چھاپے مارے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھربوں کی کرپشن جائز ہے مگر ملازمین کو مراعات نہیں دی جارہیں، ملازمین کو ڈی آر اے کیو ں نہیں دیا جارہا، اے پی سی کے مطالبات 11 ہیں، ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔ ریٹائرمنٹ کا عمل پنجاب کے طرز پر خودکار اور آن لائن کیا جائے،تمام محکموں کے ملازمین کو ٹائم اسکیل دیا جائے،تمام ملازمین کو یوٹیلیٹی الاﺅنس اور ہاﺅس ریکوزیشن دیا جائے، یونیز پر ہرقسم کی پابندی ختم اور انہیں آزادی دی جائے،اے جی آفس سے تمام اختیارات ضلعی سطح پر خزانہ آفس کو منتقل کیے جائیں۔ اصغر اچکزئی نے کہا کہ آل پارٹیز حکومت کی جانب سے ملازمین پر تشدد کی شدید مذمت کرتی ہے،ملازمین کیساتھ آخری حد تک جائیں گے۔ 26تاریخ کو پورے بلوچستان میں بھر احتجاج کریں گے، 3 فروری کو تمام سیاسی جماعتوں کا دوبارہ اجلاس طلب کیا ہے، 4 فروری کو اسمبلی یا ریڈ زون میں احتجاج اور شٹر ڈاﺅن بھی کریں گے۔


