سانحہ گل پلازہ، اموات 67 ہوگئیں، 77 افراد لاپتا، ملبے سے لاشیں نہیں صرف ہڈیاں مل رہی ہیں، سینئر فائر آفیسر
کراچی (ویب ڈیسک) کراچی گل پلازہ آتشزدگی کے بعد امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 67 ہوگئی تاہم اب تک صرف 17 افراد کی لاشوں کی شناخت ہوسکی ہے جبکہ 77 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ سانحہ گل پلازہ کو 6 روز ہوگئے مگر تاحال لاپتہ افراد کو تلاش نہیں جاسکا۔ مخدوش عمارت گرنے کے خدشے کے باعث مشینری سے ملبہ ہٹانے کا کام عارضی طور پر روک دیا گیا۔ اس حوالے سے سینئر فائر آفیسر ظفر خان کا کہنا ہے کہ گل پلازہ سانحے کے بعد ملبے سے لاشیں نہیں صرف ہڈیاں مل رہی ہیں۔ ظفر خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گل پلازہ کے تہ خانے میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی جسے بجھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمارت کی چھت سے ڈیزل ٹینک نہیں اتارا گیا تھا، ڈیزل ٹینک اتارنے کے دوران اس میں آگ لگی جسے بھجادیا گیا۔ ظفر خان نے کہا کہ عمارت کا اسٹرکچر کمزور ہوگیا ہے،اب صرف سرچنگ کا عمل رہ گیا ہے۔


