فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان کی ملاقات، ایرانی ڈرون حملوں سے پیدا سیکورٹی صورتحال پر گفتگو
راولپنڈی (پ ر) فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں ایران کے ڈرون اور میزائل حملوں سے پیدا ہونے والی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں سے پیدا سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماﺅں کا حملوں کوروکنے کے لیے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں زور دیا گیا کہ بلاوجہ جارحیت خطے کی سیکورٹی اور استحکام کے لیے خطرہ ہے، بلاوجہ حملے امن کے لیے مذاکرات کے امکانات کو محدود کرتے ہیں اور بحران کو بڑھاتے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں فریقین نے امید ظاہر کی کہ ایران سمجھداری اور دانشمندی کا مظاہرہ کرےگا، ایران کی محتاط حکمت عملی سے دوست ممالک کو بحران کے پرامن حل کی کوششوں میں مدد ملے گی، ملاقات میں علاقائی سیکورٹی اور دوستی کے فروغ کےلیے تعاون مضبوط کرنے پر بھی اتفاق ہوا، دونوں ملکوں نے باہمی تعاون اور تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم ظاہر کیا۔


