غیر سرکاری غیر حتمی نتائج ،پی بی 36 قلات ری پولنگ، ضیاءاللہ لانگو کامیاب
ویب ڈیسک/ نیوز ایجنسیز : بلوچستان صوبائی اسمبلی کے نشست حلقہ پی بی 36 قلات میں سات پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کے بعد کے نتائج منظر عام پر آگئے فارم 47 جاری،غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی باپ کے امیدوار میر ضیا اللہ لانگو 14281 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ جمیعت علماے اسلام پاکستان کے امیدوار میر سعید لانگو 11064 ووٹ لینے میں کامیاب ہو سکے اور دوسرے نمبر پر رہے۔
دوسری جانب منگچر میں انتخابات کے دوران سنگین بے ضابطگیوں اور انتظامی مداخلت کے الزامات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق پولنگ شروع ہونے سے قبل ہی ہزاروں بیلٹ پیپر غائب ہونے کا انکشاف ہوا، جس کے باعث متعدد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل متاثر ہوا۔علاقہ کے مقامی صحافیوں نے بتایا کہ پریزائڈنگ آفیسر کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے، جس میں وہ خود اعتراف کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ بیلٹ پیپر واقعی کم (شارٹ)ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد علاقے میں عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور مقامی رہنماوں نے اس معاملے پر فوری تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔انتخابی شفافیت کے حوالے سے یہ واقعہ مقامی اور صوبائی سطح پر بحث کا سبب بن گیا ہے، اور عوام و سیاسی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولنگ کے دوران ہونے والی بے ضابطگیوں کی مکمل تفصیلات سامنے لائی جائیں تاکہ آئندہ انتخابات میں ایسے معاملات سے بچا جا سکے۔


