افغانستان کے مختلف حصوں میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور بارش کے باعث 17 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے مختلف حصوں میں شدید سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور گرج چمک کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے، خبر رساں ادارے اے پی نے افغان حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے یہ اس موسم میں ملک میں شدید موسمی حالات سے ہونے والی تازہ اموات ہیں۔ حکام کے مطابق اموات کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ ملک کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے عملے کے ارکان متاثرہ علاقوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اتھارٹی کے ترجمان یوسف حماد نے ایک بیان میں کہا کہ افغانستان کے 34 میں سے 13 صوبے متاثر ہوئے ہیں، جن میں زیادہ تر مغربی، وسطی اور شمال مغربی علاقے شامل ہیں۔ حماد نے بتایا کہ شدید موسم کے باعث 147 گھر مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے، 80 کلومیٹر سڑکیں بہہ گئیں جبکہ زرعی زمین اور آبپاشی کے نہری نظام کو بھی نقصان پہنچا۔


