امریکی اور اسرائیلی حملوں سے ملک کو تقریباً 270 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا، ایران کا سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اور کویت سے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ
تہران، ،نیویارک (آئی این پی) ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے نتیجے میں ملک کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ تقریبا 270 ارب ڈالرز لگایا گیا ہے۔ روسی خبر رساں ایجنسی آر آئی اے نووستی سے گفتگو میں فاطمہ مہاجرانی نے واضح کیا کہ یہ تخمینہ براہ راست اور بلواسطہ طور پر پہنچنے والے مجموعی نقصان کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اہم معاملہ، جس پر ہماری مذاکراتی ٹیم کام کر رہی ہے، اور جسے اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت کے دوران بھی اٹھایا گیا، وہ جنگ کے دوران پہنچائے گئے نقصان کے ازالے کا ہے۔جنگ کے دوران پہنچائے گئے نقصان کا ازالہ امریکہ کے ساتھ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کی 10 ایرانی شرائط میں شامل تھا۔اس دوران اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام خط میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اور کویت سے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوامِ متحدہ میں ایران کے سفیر نے ایرانی بندرگاہوں پر امریکہ کی جانب سے عائد کی گئی ناکہ بندی کو ایران کی خود مختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام اپنے خط میں امیر سعید ایروانی نے کہا کہ یہ غیر قانونی ناکہ بندی بین الاقوامی سمندری قوانین کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔


