50 ارب روپے سے زائد بقایا جات، کیسکو کا مکران ڈویژن میں صوبائی اور وفاقی سرکاری محکموں کے بجلی کنکشن منقطع کرنیکا فیصلہ

پسنی (رپورٹ: سخی کریم) کیسکو نے مکران ڈویژن میں بجلی بلوں کی مد میں واجب الادا 50 ارب روپے سے زائد بقایاجات کی عدم ادائیگی پر صوبائی اور وفاقی سرکاری محکموں کے بجلی کنکشن منقطع کرنے کا فیصلہ کرلیا، کیسکو ترجمان کے مطابق سپرنٹنڈنگ انجینئر مکران سرکل انجینئر سیف اللہ جاموٹ نے مکران سرکل کے تمام متعلقہ ڈویژنوں کے ایگزیکٹو انجینئرز (XENs) اور سب ڈویژنل افسران (SDOs) کو ہدایات جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ پیر 11 مئی 2026 سے تمام نادہندہ وفاقی و صوبائی سرکاری محکموں کے کمرشل اور ڈومیسٹک بجلی کنکشن فوری طور پر منقطع کیے جائیں، کیسکو حکام کے مطابق وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں کے ذمے بجلی بلوں کی مد میں بقایاجات 50 ارب روپے سے تجاوز کرچکے ہیں، جن میں تقریباً 47 ارب روپے صوبائی محکموں جبکہ 3 ارب 12 کروڑ روپے وفاقی اداروں کے ذمے واجب الادا ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل متعدد بار متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کو بقایاجات کی ادائیگی کے لیے نوٹسز جاری کیے جاچکے ہیں، تاہم عدم ادائیگی کے باعث اب نادہندہ اداروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے،کیسکو حکام کے مطابق واجبات کی بروقت وصولی یقینی بنانے اور مالی بحران پر قابو پانے کے لیے تمام نادہندہ سرکاری اداروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں