تربت میں قائم بنکوں کو سیکورٹی تھریٹ جاری ہونے کے بعد بینک دوروز سے بند

تربت (این این آئی) تربت شہر میں حالیہ ڈکیتی کی واردات کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر تربت مین بازار گنجا آباد میں قائم تین نجی بینکوں کو سیکورٹی تھریٹ جاری کیے جانے کے بعد مذکورہ بینک گزشتہ دو روز سے بند ہیں، جبکہ شہر کے دیگر نجی بینکوں کے اوقات کار بھی محدود کرکے صرف پانچ گھنٹے مقرر کیے گئے ہیں جس کے باعث شہریوں اور کاروباری طبقے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق حالیہ واردات کے بعد بینکوں کی سیکورٹی کے حوالے سے سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور حساس قرار دیے جانے والے علاقوں میں قائم بعض نجی بینکوں نے اپنی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کردی ہیں۔ دوسری جانب کئی بینکوں نے کیش وصول کرنے سے بھی معذرت شروع کردی ہے جس کے باعث تاجروں، کاروباری افراد اور عام صارفین میں تشویش پائی جا رہی ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بینکوں کی بندش اور محدود اوقات کار کے باعث روزمرہ مالی لین دین شدید متاثر ہو رہا ہے۔ کاروباری طبقے نے شکایت کی ہے کہ رقم جمع نہ ہونے کے باعث مارکیٹ میں مالی بحران جیسی صورتحال پیدا ہو رہی ہے جبکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے شہری بھی بینک بند ہونے کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔مقامی تاجروں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں سیکورٹی صورتحال کو بہتر بنا کر بینکوں کی مکمل بحالی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بینکنگ نظام متاثر ہونے سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں سست روی کا شکار ہوئی ہیں بلکہ ملازمین اور عام کھاتہ دار بھی پریشانی میں مبتلا ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں