ڈونلڈ ٹرمپ نے مجوزہ امن فریم ورک کا تبدیل شدہ مسودہ تہران کو ارسال کر دیا، اہم نکات پر اختلافات برقرار، امریکی اخبار
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے مجوزہ امن فریم ورک کا تبدیل شدہ مسودہ تہران کو ارسال کر دیا ہے، جس میں پہلے کے مقابلے میں مزید سخت شرائط شامل کی گئی ہیں۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم بعض اہم نکات پر اختلافات اب بھی برقرار ہیں۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے مجوزہ معاہدے کے متن میں بعض ترامیم کیں اور اسے دوبارہ ایرانی قیادت کے غور و خوض کے لیے بھیج دیا۔ رپورٹ میں ان تبدیلیوں کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ حکام کے مطابق صدر ٹرمپ نے ان شقوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے جن کے تحت ایرانی اثاثوں کو منجمد حالت سے نکالنے کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔ یہ وہی معاملہ ہے جس پر ٹرمپ ماضی میں سابق امریکی صدر براک اوباما کے دور میں طے پانے والے 2015 کے جوہری معاہدے پر بھی تنقید کرتے رہے ہیں۔


