بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر، سبی اور تربت میں درجہ حرارت 47 ڈگری ریکارڈ، کئی علاقوں میں بارش کا امکان، محکمہ موسمیات
کوئٹہ (یو این اے) محکمہ موسمیات نے صوبہ بلوچستان کے حوالے سے موسم کی تازہ ترین صورتحال جاری کر دی ہے، جس کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم مجموعی طور پر خشک اور شدید گرم رہے گا، جبکہ جنوبی اضلاع میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دوسری جانب صوبے کے شمال مشرقی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نصیر آباد، کوہلو، بارکھان، موسیٰ خیل، خضدار اور گردونواح میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا بھی امکان ہے۔صوبے کے مختلف اضلاع میں ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی تفصیلات کے مطابق سبی اور تربت 47 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ صوبے کے گرم ترین مقامات رہے ہیں۔ اس کے علاوہ نوکنڈی میں 46، چمن میں 40، کوئٹہ میں 38، جیوانی میں 38، ژوب میں 37، گوادر میں 35، قلات میں 33 اور سرد مقام زیارت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ساحلی پٹی کے علاقوں بشمول گوادر میں موسم نسبتا متدل ہے، جبکہ گرم ترین علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو شدید گرمی اور لو کے اثرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


