معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے شرپسند عناصر کو قانون کی گرفت سے کوئی نہیں بچاسکتا، سرفراز بگٹی
کوئٹہ(یو این اے )وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ صوبے بھر میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کامیابی کے ساتھ جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کی جانے والی آج کی ان اہم کارروائیوں کے دوران 17 خطرناک دہشت گردوں کوہلاک کردیاگیا ہے۔ وزیر اعلی نے واضح کیا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو بلوچستان کے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو کسی بھی صورت سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔میر سرفراز بگٹی نے سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست اور تمام سیکیورٹی ادارے صوبے کے عوام کی جان و مال کے تحفظ اور بلوچستان میں مستقل و پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنے پختہ عزم پر پوری طرح قائم اور متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے ان شرپسند عناصر کو قانون کی گرفت سے کوئی نہیں بچا سکتا اور فورسز کا یہ آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔


