سرفراز بگٹی حکومت کے خلاف سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی، عبید گورگیج
کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان اسمبلی کے رکن حلقہ پی بی 44 اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر عبید گورگیج نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں قائم صوبائی حکومت کے خلاف کی جانے والی سازشیں اور منفی پروپیگنڈا کسی صورت کامیاب نہیں ہوگا۔ موجودہ حکومت صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود، امن و امان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کے خلاف بعض حلقوں کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو درپیش مسائل کئی دہائیوں پر محیط ہیں، جنہیں چند مہینوں یا ایک دو سال میں مکمل طور پر حل نہیں کیا جا سکتا۔ برسوں سے چلے آنے والے مسائل چراغ رگڑنے سے ختم نہیں ہوتے بلکہ ان کے حل کے لیے مستقل مزاجی، بہتر حکمت عملی اور تسلسل کے ساتھ عملی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے۔میر عبید گورگیج نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اقتدار سنبھالنے کے بعد صوبے میں گورننس کی بہتری، عوامی خدمات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور امن و امان کے قیام کے لیے قابل ذکر اقدامات کیے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج بلوچستان ترقی اور استحکام کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر سیاسی مفادات کے حصول کے لیے حکومت کی مثبت کارکردگی کو نظر انداز کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم باشعور عوام ایسے ہتھکنڈوں کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے اور اس کی کارکردگی کی مثال ماضی کی کئی حکومتوں میں نہیں ملتی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتیں عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گی اور بلوچستان کو ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گی۔


