کوئٹہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور مینٹیننس کے نام پر بجلی کی طویل بندش، شہری شدید مشکلات کا شکار

کوئٹہ(یو این اے )صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور مینٹیننس کے نام پر کئی کئی گھنٹوں تک بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کی مشکلات میں شدید اضافہ کر دیا ہے۔ سریاب روڈ کے جوائنٹ روڈ فیڈر سے منسلک مختلف علاقوں کے مکینوں نے بجلی کی مسلسل بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیسکو حکام سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ متاثرہ شہریوں کے مطابق معمول کی لوڈشیڈنگ کے علاوہ روزانہ تین سے چار گھنٹے تک مینٹیننس کے نام پر بجلی بند کی جا رہی ہے، جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ گرمی کی شدت میں اضافے کے باوجود بجلی کی مسلسل بندش نے گھریلو صارفین، کاروباری طبقے، طلبہ، بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کو شدید ذہنی اور جسمانی اذیت سے دوچار کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جوائنٹ روڈ، ریلوے ہاسنگ سوسائٹی، سیگپ روڈ، سریاب روڈ اور ملحقہ نواحی علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے بجلی کی فراہمی کا نظام غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے اور کئی علاقوں میں بجلی کی بندش کے اوقات کے بارے میں پیشگی اطلاع بھی فراہم نہیں کی جاتی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں بجلی کی بندش کے باعث پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے، کیونکہ بیشتر گھروں میں پانی ذخیرہ کرنے اور فراہمی کا انحصار بجلی سے چلنے والی موٹروں پر ہے۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث نہ صرف گھریلو سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ کاروباری مراکز، دکانیں اور چھوٹے کاروبار بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ معمول کی لوڈشیڈنگ کے علاوہ مینٹیننس کے نام پر اضافی بندش کا کوئی واضح شیڈول موجود نہیں اور نہ ہی صارفین کو اس حوالے سے بروقت آگاہ کیا جاتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر واقعی مینٹیننس کا کام ضروری ہے تو اس کے اوقات کار اور دورانیے کے بارے میں پیشگی اطلاع دی جانی چاہیے تاکہ عوام اپنی ضروریات کے مطابق انتظامات کر سکیں۔ علاقہ مکینوں نے کیسکو چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ سریاب روڈ کے جوائنٹ روڈ فیڈر اور اس سے منسلک علاقوں میں جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے اور متعلقہ ایس ڈی او کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے وفاقی وزارت توانائی، کیسکو حکام اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے مثر حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ عوام کو شدید گرمی میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں