وکلا کی عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، آئینی اور قانونی حقوق کے تحفظ کیلئے متحد ہیں، کوئٹہ بار ایسوسی ایشن
کوئٹہ (ویب ڈیسک) جنرل سیکرٹری کوئٹہ بار ایسوسی ایشن میر فہد مینگل ایڈووکیٹ کی صدارت میں بلوچستان بھر سے آئے ہوئے وکلا کا ایک اہم اجلاس کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں مختلف بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں اور سینئر وکلا نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر یہ قرارداد منظور کی گئی کہ وکلا کی عزت، وقار، آزادی اور پیشہ ورانہ خودمختاری پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ شرکاءنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وکلا برادری اپنے آئینی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر متحد رہے گی۔ اجلاس کے دوران گزشتہ دنوں سینئر ایڈووکیٹ اور رکن بلوچستان بار، چوہدری رام چند ایڈووکیٹ کو رکن بلوچستان اسمبلی سنجے پنجوانی کی جانب سے مبینہ طور پر دی گئی دھونس اور دھمکیوں کے معاملے کا بھی نوٹس لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاءنے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وکلا کے وقار، آزادی اور تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی وکیل کو دباﺅ، دھونس یا دھمکیوں کے ذریعے اپنے قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنے کی اجازت نہ دی جائے۔ اجلاس کے اختتام پر جنرل سیکرٹری کوئٹہ بار ایسوسی ایشن میر فہد مینگل ایڈووکیٹ نے بلوچستان بھر سے تشریف لانے والے وکلا کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں شرکاءکے اعزاز میں ایک پرتکلف ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں باہمی اتحاد، وکلا کے حقوق کے تحفظ اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


