بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں نیا ادائیگیوں کا نظام متعارف

اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے تربیت میں شریک افسران اور سٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق خواتین کو زیادہ سہل، محفوظ اور باوقار طریقے سے ادائیگیوں کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل والٹ نظام متعارف کرا رہا ہے، جس کے کامیاب نفاذ میں ہر شخص کا کردار نہایت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے ادائیگی نظام کے آغاز کے ساتھ بی آئی ایس پی کی جانب سے خصوصی موبلائزیشن اور مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جنہیں تربیت فراہم کرنے کے بعد فیلڈ میں بھیجا جا رہا ہے۔ یہ ٹیمیں پوائنٹس آف سیلز اور متعلقہ علاقوں کا دورہ کریں گی اور مستحق خواتین کی رہنمائی اور معاونت کے لیے دستیاب رہیں گی۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے واضح کیا کہ اگر کسی مستحق خاتون کو ادائیگی کے عمل، ڈیجیٹل والٹ یا کسی بھی قسم کی شکایت یا معلومات درکار ہوں تو وہ فیلڈ میں موجود بی آئی ایس پی نمائندوں سے رابطہ کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ مستحق خواتین اپنی معاونت اور رہنمائی کے لیے متعلقہ بی آئی ایس پی دفاتر سے بھی رجوع کر سکتی ہیں۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ چونکہ یہ ایک نیا نظام ہے، اس لیے ابتدائی مراحل میں بعض چیلنجز سامنے آ سکتے ہیں، تاہم ان مسائل کے بروقت حل اور مستحق خواتین کی سہولت کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی سیشن کا مقصد یہی ہے کہ فیلڈ میں موجود ٹیمیں مکمل معلومات کے ساتھ خواتین کی مدد کر سکیں اور انہیں ادائیگی کے عمل میں درپیش مشکلات کا فوری حل فراہم کیا جا سکے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ شدید گرمی ہے لیکن آپ نے ڈیلیور کرنا ہے یہ عظیم خدمت ہےجس میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔بعد ازاں، ڈی جی کیش ٹرانسفر محمد ادریس میاں نے تربیتی سیشن کے شرکاء کو ڈیجیٹل والٹ کے نئے ادائیگی نظام سے متعلق تمام بنیادی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے نظام کے طریقۂ کار، فیلڈ سپورٹ، مستحق خواتین کی رہنمائی اور مؤثر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی اور عملے پر زور دیا کہ وہ نئے نظام کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں