کیچ میں مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت، دہشت گرد قومیتوں میں نفرت پھیلانا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

کوئٹہ ( آئی این پی ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کیچ میں مسلح حملے کے نتیجے میں مزدوروں کی قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے اور ریاست دہشت گردی کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں ضلع کیچ میں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کسی ایک قوم یا صوبے سے نہیں بلکہ پاکستان کے شہری تھے، اور دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچ روایات نہتے اور بے گناہ انسانوں کے قتل کی نہیں بلکہ عزت، مہمان نوازی اور بھائی چارے کی امین ہیں، جبکہ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کا بلوچ قوم سے کوئی تعلق نہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے اتحاد، امن اور ترقی کے دشمن ہیں اور معصوم پاکستانیوں کے خون سے کھیلنے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن قومیتوں کے درمیان نفرت پھیلانے کی سازش کر رہے ہیں، تاہم پوری قوم متحد ہو کر ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ دہشت گردوں کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی اور ریاست کی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں