کوئٹہ، ہنہ اوڑک میں کوئلے کی کان میں دھماکا، متعدد افراد پھنس گئے، پی ڈی ایم اے

کوئٹہ (یو این اے) کوئٹہ کے علاقے ہنہ اوڑک میں کوئلے کی ایک کان میں دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کے اندر پھنسے ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔بلوچستان پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)کے مطابق ہنہ اوڑک تھانے کے ایس ایچ او نے اطلاع دی کہ پی ایم ڈی سی دفتر کے قریب واقع کوئلے کی کان کے اندر دھماکا ہوا ہے، جس کے بعد کئی افراد کے کان میں پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔اطلاع ملتے ہی ریلیف کمشنر و ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان غوری زئی کی ہدایت اور ڈائریکٹر ریسکیو نوید احمد شیخ کی خصوصی نگرانی میں پی ڈی ایم اے ریسکیو فورس کو فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا گیا۔پی ڈی ایم اے ریسکیو ٹیم کے ساتھ 4 ایمبولینسز اور ضروری ریسکیو سامان بھی بھیجا گیا ہے۔ حکام کے مطابق پی ڈی ایم اے نے صورتحال کی تصدیق کے لیے محکمہ معدنیات و کانکنی کے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا، جنہوں نے بتایا کہ محکمہ معدنیات کی ریسپانس ٹیم پہلے ہی جائے حادثہ پر موجود ہے اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔حکام کے مطابق کان حادثے کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے، جبکہ مزید معلومات سامنے آنے پر آگاہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں