امریکا کا ایف 35 لڑاکا طیارہ رنوے تک پہنچنے سے پہلے گر کر تباہ ہوگیا
کیلیفورنیا(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی فوج کے میرین ائیرکرافٹ گروپ 11 کے مطابق ایک نشست والا ا ایف- 35بی لڑاکا طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے کیلیفورنیا کے میرین کور ائیر اسٹیشن میں رن وے تک پہنچنے سے پہلے گر گیا۔ پائلٹ نے پیراشوٹ کے ذریعے طیارے سے چھلانگ لگا کر جان بچائی، اسے معمولی زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔حادثے کے بعد ائیرپورٹ کے فائر فائٹرز نے طیارے کے ملبے اور اطراف میں لگی گھاس کی آگ پر قابو پایا۔طیارہ گرنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی، جبکہ امریکی فوج نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔واضح رہے کہ ایف- 35بی لائٹننگ II کو دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے، جو روایتی انداز کے ساتھ ساتھ ورٹیکل لینڈنگ کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ اس طیارے کی قیمت تقریباً 102 ملین امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے اور اسے امریکی میرین کور، برطانیہ اور اٹلی کی فضائی افواج استعمال کرتی ہیں۔


