دیر بالا میں ہیضے کی وباءپھوٹ پڑی، ایک ہی روز میں 600مریضوں کو اسپتال داخل کیا گیا
دیر بالا(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا کے مختلف علاقوں عشیرئی درہ، شرینگل، براول اور دیر خاص میں ہیضے کی وباءپھوٹ پڑی ہے، جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال دیر بالا کے ایم ایس ڈاکٹر صاحبزادہ امتیاز کے مطابق اب تک 3 ہزار سے زائد افراد اس وباءکا شکار ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صرف ایک ہی روز میں 600 مریضوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا۔ایم ایس کے مطابق بعض مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال دیر بالا مریضوں سے بھر چکا ہے۔دوسری جانب محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی ٹیمیں وباءپر قابو پانے کے لیے دیر بالا پہنچ گئی ہیں۔ پبلک ہیلتھ کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی کی جانچ اور فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہیں۔ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صاف پانی استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ بیماری کے پھیلاو¿ کو روکا جا سکے۔


