ایئر پورٹ روڈ ، سبزل روڈسمیت دیگر اہم سٹرکوں پر تعمیراتی سر گرمی سے گریز کیا جائے، میٹروپولیٹن کارپوریشن

میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو صاف، محفوظ ،منظم بنانے کے روشن وڑن کے تحت اربن پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کی جانب سے اہم شاہراہوں پر نئی تعمیرات کے حوالے سے عائد پابندی پر عملدرآمد کے لیے شہریوں اور تمام متعلقہ حلقوں کو ایک بار پھر آگاہ کیا جاتا ہے کہ کمیٹی کے اعلامیے بمورخہ 24 دسمبر 2025 کے تحت ایئر پورٹ روڈ ، سبزل (سی پیک روڈ)، سریاب روڈ ، لنک بادینی روڈ اور لنک شاہوانی روڈ پر کسی بھی قسم کی نئی تعمیراتی سر گرمی پر پابندی عائد ہے۔لہذا میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے شہریوں، تاجر برادری، کاروباری حضرات، پراپرٹی مالکان ، بلڈرز ، ڈویلپر زاور دیگر متعلقہ افراد کو یاد دہانی کرائی جاتی ہے کہ مذکورہ شاہراہوں پر نئی رہائشی یا کمر شل عمارات کی تعمیر ، غیر مجاز تعمیراتی توسیع یا کسی بھی نوعیت کی نئی تعمیراتی سر گرمی شروع نہ کی جائے۔مذکورہ پابندی کا مقصد شہر کی اہم شاہراہوں کے مستقبل کے شہری ڈیزائن ، روڈ کوریڈور ، ٹریفک کے بہاو¿، لینڈ یوز اور شہری انفراسٹرکچر کو محفوظ رکھتے ہوئے کوئٹہ کی ترقی کو ایک مربوط اور منظم شہری منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھانا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے بالخصوص نئی اور اہم شاہراہوں پر بے ہنگم تعمیرات کی روک تھام اور مستقبل کی شہری ضروریات کے لیے مناسب منصوبہ بندی کو یقینی بنانا مقصود ہے۔مذکورہ نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین، مروجہ قواعد وضوابط اور مجاز احکامات کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ غیر مجاز تعمیراتی سر گرمی کو روکنے کے ساتھ ساتھ خلاف ورزی کے مر تکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق ضروری قانونی و انتظامی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔تمام شہریوں، تاجر برادری، کار و باری اداروں، پراپرٹی مالکان ، بلڈرز اور ڈویلپرز سے ایک بار پھر اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ایئر پورٹ روڈ ، سبزل روڈ (سی پیک روڈ)، سریاب روڈ ، لنک بادینی روڈ اور لنک شاہوانی روڈ پر کسی بھی نئی تعمیر شروع نہ کریں اور کسی بھی تعمیراتی سر گرمی سے قبل متعلقہ اتھارٹی سے ضروری رہنمائی حاصل کریں۔میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اس امر پر زور دیتا کے کہ کوئٹہ کو صاف، محفوظ ، منظم اور بہترین انداز میں منظم شہر بنانے کے لیے اداروں کے ساتھ ساتھ شہریوں ، تاجر برادری اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کا تعاون ناگزیر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں