بلوچستان بالخصوص حب کی ترقیاتی رفتار مزید تیز کی جائے، صدر آصف زرداری کی علی حسن زہری کو ہدایت
اسلام آباد/ کوئٹہ (آ ن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے بلوچستان کے ترجمان میر علی حسن زہری نے ایوانِ صدر اسلام آباد میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی۔ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور بالخصوص ضلع حب میں جاری ترقیاتی عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے بلوچستان خصوصا ضلع حب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مزید تیز کرنے، عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے عمل کو مثر بنانے کی ہدایت کی۔ صدرِ پاکستان نے اس امر پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچائے جائیں اور عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے۔میر علی حسن زہری نے صدرِ پاکستان کو ضلع حب میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حب ماسٹر پلان کے تحت سیوریج، سڑکوں، نکاسی آب، پانی کی فراہمی، صفائی اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔صدرِ پاکستان نے ضلع حب کی ترقی کو اہم قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان کے معیار کو یقینی بنایا جائے، جبکہ عوامی شکایات اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے مثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔میر علی حسن زہری نے صدرِ پاکستان کو یقین دلایا کہ ان کی ہدایات کی روشنی میں بلوچستان اور بالخصوص ضلع حب میں ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید مثر بنایا جائے گا اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بلوچستان کے عوام کو بہتر بنیادی سہولیات، پائیدار ترقی اور معاشی مواقع کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ ضلع حب کو جدید، منظم اور ترقی یافتہ ضلع بنانے کے لیے جاری ترقیاتی عمل کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔


