بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈال ر ہے ہیں ،وزیراعظم
میانوالی، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت بڑے بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈال رہی ہے،کبھی بھی چھوٹے چوروں کو پکڑ کر چوری ختم نہیں ہوتی،بڑے ڈاکوؤں کو جب پکڑتے ہیں چھوٹے چور ویسے ہی ڈر جاتے ہیں لیکن جس طرح ہمارے ملک میں ہوتا آیا ہے کہ چھوٹے کرپٹ لوگوں کو پکڑتے رہے اور بڑے ڈاکوؤں کو چھوڑتے رہے اس کے نتیجے میں چوری اور کرپشن بڑھتی گئی، جنہوں نے جنگلات کی زمینوں پر قبضہ کیا ہوا ہے ان کو جیلوں میں ڈالیں، میرا مشن پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے، کفالت کارڈ غریب ترین لوگوں کو دیا جائے گا ہم سود کے بغیر قرضے دیں گے، ہر مہینے اسی ہزار لوگوں کو قرضے دیئے جائیں گے تاکہ وہ سود کے بغیر کاروبار شروع کریں۔ نوجوانوں کو سکالر شپس دیئے جائیں گے،خواتین کو بھینس‘ گائے اور مرغیاں دیں گے تاکہ وہ آمدن بڑھا سکیں۔اتوار کو میانوالی میں شجر کاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارے بچوں میں ابھی تک اس چیز کا احساس نہیں ہے کہ شجر کاری پاکستان کے لئے کتنی اہمیت رکھتی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ سکولوں میں ایک مضمون رکھا جائے کہ اس ملک کے مستقبل کے لئے کتنا ضروری ہے کہ ہم شجر کاری کریں۔