کورونا وائرس، پی ایس ایل6 ملتوی

پاکستان میں کھیلے جانے والے کرکٹ ٹورنامنٹ پی ایس ایل کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ اس ٹورنامنٹ میں شریک چھ کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے باقی ماندہ میچز کو ملتوی کر دیا گیا ہے جس کی وجہ اس ٹورنامنٹ میں شریک چھ کھلاڑیوں میں کورونا وائرس پائے جانے کی تصدیق ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے مطابق یہ فیصلہ ٹورنامنٹ میں شریک چھ ٹیموں کے مالکان سے صلاح ومشورے کے بعد کیا گیا ہے۔ پی سی بی نے اس سلسلے میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فوری قدم کے طور پر سب سے پہلے ٹورنامنٹ کے تمام شرکاء کی صحت وسلامتی کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ مزید یہ کہ کووڈ ٹیسٹنگ کو بڑھایا جائے اور آئسولیشن کی سہولت فراہم کرنے میں بھی مدد کی جائے گی۔
آج جمعرات کو بتایا گیا کہ دو مزید ٹیموں کے تین کھلاڑیوں میں کووڈ انیس کی تشخص ہونے کے بعد پی ایس ایل میں شریک کھلاڑیوں اور اہلکاروں میں سے کورونا کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد سات ہو گئی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹد کے دو غیر ملکی کھلاڑی جن میں لیگ اسپنر فواد احمد اور ایک نامعلوم کھلاڑی کے علاوہ سپورٹ اسٹاف کے ایک رکن پہلے ہی سے کورونا کی تشخیص کے بعد قرنطینہ میں ہیں۔