چیئرمین سینیٹ کا انتخاب،جام کمال کی پیر پگارا سے ملاقات
کراچی:وزیر اعلی بلوچستان جام کمال کی سربراہی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے منگل کو حر جماعت کے روحانی پیشوا اور جی ڈی اے سربراہ پیر پگارا سے کنگری ہاؤس میں ملاقات کی،وفد میں جان محمد جمالی،سنیٹرمنظور کاکڑ اورانور رانجھو بھی شامل تھے جبکہ اس موقع پر پیر سید صدرالدین شاہ راشدی، نند کمار گوکلانی اور دیگر موجود تھے۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، سینیٹ انتخابات اور چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے سینیٹ انتخابات میں جی ڈی اے کے ساتھ پیش آنے والی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ افسوس ہے کہ سینیٹ انتخابات میں پیسے کی ریل پیل ہوتی ہے۔ بدقسمتی سے لوگ شارٹ کٹ اور سائیڈ کٹ کے چکر میں رہتے ہیں۔جام کمال نے صادق سنجرانی کی حمایت کی درخواست کی، پیر صاحب پگارا نے اتحادی جماعت کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ رہنماؤں نے گورننس مسائل اور دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔


