بھارت، بس گھاٹی میں گرنے کے باعث 8افراد ہلاک، 10 زخمی

نئی دہلی:بھارت کی شمالی ریاست ہماچل پردیش کی ایک پہاڑی سڑک پر ایک بس پھسل کر گھاٹی میں گرنے کے باعث کم از کم 8 افراد ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس نے بدھ کے روز بتایا کہ یہ حادثہ ہماچل پردیش کے دارالحکومت شملہ سے تقریبا 388 کلومیٹرشمال میں واقع ضلع چامبا کے علاقے تیسا میں پیش آیا۔ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ آج یہاں پیش آنیوالے ایک المناک حادثے کے دوران تیسا سب ڈویژن میں ایک مسافر بس سڑک سے پھسل کر گھاٹی میں جا گری۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال لے جایا گیا ہے جہاں کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔امدادی کام سرانجام دینے اور لاشوں کو نکالنے کیلئے پولیس اور طبی ٹیمیں حادثے کے فورا بعد ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔ہماچل پردیش کے وزیراعلی جے رام ٹھاکر نے میڈیا کو بتایا کہ میں یہ خبر سن کر غمزدہ ہوں کہ چامبا کے تیسا میں ایک بس حادثے میں 8 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے ہیں۔ مرحومین کی روحوں کو سکون نصیب ہو اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابل برداشت صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ ملے۔ ایمبولینسیں اور امدادی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور مجھے امید ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوگا۔ میں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کے مناسب علاج معالجہ کو یقینی بنایا جائے۔ٹھاکر نے بتایا کہ گھاٹی میں گرنے کے بعد بس بری طرح تباہ ہو گئی ہے۔فوری طور پر حادثے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں