اچکزئی قوم کے سربراہ کو بلوچستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں، لالا یوسف خلجی
کوئٹہL:بلوچستان امن جرگہ کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ اچکزئی قوم کے سربراہ احمد خان غیبزئی کو بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں صوبے میں قبائلی تنازعات کے خاتمے اور بھائی چارے کی فضاء کے قیام کیلئے قبائلی نواب،سردار اور قبائلی عمائدین اپنا کردارادا کریں بلوچستان امن جرگہ ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے۔یہ بات انہوں نے اتوارکو بلوچستان امن جرگہ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے قبائلی عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔لالا یوسف خلجی نے کہا کہ اچکزئی قوم کے سربراہ احمد خان غیبزئی کی جانب سے صوبے کے پشتون،بلوچ قبائلی رہنماوں اور عوام کو متحد کرنے کے فیصلے کی بلوچستان امن جرگہ مکمل حمایت کرتا ہے اورخان صاحب سے توقع نہیں بلکہ یقین رکھتے ہیں کہ وہ صوبے میں امن کے قیام کو عملی جامہ پہنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان امن جرگہ صوبے میں قبائلی تنازعات کے خاتمے اور امن و بھائی چارے کے قیام کیلئے پشتون بلوچ نوابوں سرداروں اوردیگر کے پاس جانے کیلئے ہروقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمودخان سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ پشتون علاقے میں امن کیلئے مکمل کردارادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قبائلی تنازعات نے بلوچ پشتون عوام کو بہت نقصان پہنچایا ہے جس کے باعث صوبہ ترقی کے لحاظ سے دوسرے صوبوں سے بہت پیچھے رہ گیا ہے ہمیں اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر صوبے میں قبائلی تنازعات کے خاتمے کیلئے اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔


