گیس بند کرکے لاک ڈاؤن میں عوام کو احتجا ج پر مجبور کیا جارہا ہے، ایچ ڈی پی
کوئٹہ:ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں محکمہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی نااہلی موسم بہار میں دکانوں،ہوٹلوں، مارکیٹیوں اور دیگرر کاروباری وتجارتی مراکز بند ہونے کے باوجود صارفین کو گیس کی فراہمی میں ناکامی،گیس کی مسلسل بندش اور پریشر میں کمی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ گیس کورونا وائرس پھیلانے کیلئے معاون ومددگار کا کردارادا کرنے کیلئے گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کا باعث بن رہے ہیں بیان میں کہا گیا کہ اس موسم میں گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کا کوئی جواز نہیں بن رہا کیونکہ سردیوں کے خاتمہ کے ساتھ ہر گھروں میں ہیٹر بند ہوچکے ہیں جبکہ شہر اور صوبے میں لاک ڈاؤن کے باعث تجارتی وکاروباری مراکز ہوٹل،مارکیٹیں اور دیگر سرکاری ونجی ادارے بند ہیں اس صورتحال اور حالات کے تناظر میں گیس کی بلا تعطل فراہمی اور پریشر میں کمی کے کسی قسم کا مسئلہ درپیش نہیں ہونا چاہیے مگر بلوچستان میں صورتحال مختلف نظر آرہی ہے یہاں جس قسم کی صورتحال کا سامنا سرد ترین ایام میں صارفین کو درپیش تھا اب حالات اس سے بھی زیادہ خراب نظر آرہے ہیں کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں مکمل بندش انتہائی کم پریشر کامسئلہ گھنٹوں کی بجائے اب دن رات کا معمول بن چکا ہے ایک طرف لاک ڈاؤن کی وجہ سے سلنڈرز ایل پی جی کی دکانیں بند ہے تو دوسری طرف غذائی اشیاء کی تیاری میں گھریلو صارفین کو سخت اذیت سے گزرنا پڑرہا ہے بیان میں کہا گیا کہ گیس کمپنی یہ تمام مسائل دانستہ طور پر پیدا کر کے کورونا پھیلانے کا سبب بن رہی ہے جس کے خلاف سخت احتجاج کرنے کی ضرورت پیدا ہوچکی ہے اگر محکمہ سوئی گیس نے اپنے رویے بدلنے کی کوشش نہ کی اور صارفین کوگیس کی فراہمی یقینی نہ بنائی تو اس کیخلاف تمام پابندیوں اور لاک ڈاؤن کو نظر ا نداز کر کے عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی اگر عوام احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکلی تو اس کے تمام تر ذمہ داری سوئی گیس کمپنی کے نا اہل انتظامیہ اور ٹیکنیکل اسٹاف پرعائد ہوگی جو مسلسل عوام کو گیس کی فراہمی میں ناکامی سے دو چار نظرآرہی ہے۔